اسرائیلی پارلیمنٹ کا یکطرفہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار
اسرائیلی پارلیمنٹ نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق کنیسٹ(اسرائیلی ایوان نمائندگان) میں ہونے والی ووٹنگ میں 120 ارکان میں سے 99 نے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کرنے کی قرارداد کی حمایت کی۔اس ووٹنگ سے قبل نیتن یاہو نے بھی دوریاستی حل اور فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فسلطینی ریاست کے قیام سے اسرائیلی ریاست کی بقا کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے 2014 کے بعد سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوئے جب اسرائیل نے ایک ایسی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا جس میں اسرائیل کی جانب سے ناجائز طور پر قبضہ کیے گئے تمام علاقوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔اسرائیل کا موقف ہے کہ فلسطین کے ساتھ کسی بھی قسم کا مستقل معاہدہ کسی بین الاقوامی دباؤ کے بجائے براہ راست دونوں فریقین کے درمیان ہونا چاہیے۔