ایک سال سے سخت ترین ڈائٹ پلان پر عمل کرنے والے بھارتی اداکار؟
نئی دہلی:بھارتی اداکار گُرمیت چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک سال سے زائد عرصے سے سخت ڈائٹ پر عمل کر رہے ہیں اور صرف اُبلا ہوا کھانا کھا رہے ہیں جس کا کوئی ذائقہ نہیں۔
لافٹر کوئین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے گُرمیت نے اپنے سخت ڈائٹ پلان کے بارے میں مداحوں کو تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ چینی، روٹی، چاول اور بریڈ جیسے کھانوں کو ترک کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور فوڈی، یہ بہت مشکل ہے، لیکن کردار کے مطابق خود کو تیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ صرف صرف اُبلے ہوئے کھانے کھاتے ہیں جیسے اُبلی ہوئی مچھلی، مرغی اور سبزیاں جو شروع میں بے ذائقہ لگے، لیکن وقت کے ساتھ وہی کھانے اچھے لگنے لگے۔
اس حوالے سے ماہرینِ غذا نے بتایا کہ اُبلے ہوئے کھانے کا مسلسل استعمال مثبت اور منفی دونوں قسم کے اثرات رکھتا ہے۔ ویینا وی، چیف کلینیکل ڈائٹیشن کے مطابق یہ طریقہ جسم سے چکنائی کم کرتا ہے، ہاضمے کو بہتر بناتا اور وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے، لیکن اس سے پانی میں گھلنے والے وٹامنز، جیسے وٹامن بی اور سی، ضائع ہو سکتے ہیں۔
ڈائٹ کی منصوبہ بندی اور مختلف ابلے ہوئے کھانے شامل کرنا ضروری ہے تاکہ غذائیت کی کمی نہ ہو۔ دوسری جانب بغیر اُبلی ہوئی کچی سبزیاں زیادہ فائدہ مند ہیں کیونکہ وہ تمام مائیکرو نیوٹرینٹس اور فائبر برقرار رکھتی ہیں جو اُبالنے سے ضائع ہوجاتے ہیں۔