190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ نہ سنا کر مجھے دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ نہ سنا کر مجھے دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ کیوں نہیں سنا رہے؟ یہ اصل میں مجھے دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن میں کسی صورت ڈیل نہیں کروں گا، یہ جب بھی فیصلہ سنائیں گے تو ان کو بین الاقوامی لیول پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ بشریٰ بی بی پر ڈیل کرنے کے الزامات درست نہیں، وہ کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہی، جو بھی مذاکرات کا عمل ہوگا وہ مذاکراتی ٹیم کے ذریعے کیا جائے گا، مذاکرات پر حکومت سنجیدہ ہے تو نتیجہ نکالے گی ورنہ یہ ٹائم کو گھسیٹیں گے، ہمارے 2 مطالبات ہیں جو بتا دیئے گئے ہیں، میرے پاس میری مذاکراتی کمیٹی حکومت کا کوئی مطالبہ نہیں لے کر آئی، حکومت اُنہیں ملنے دے گی تو وہ مجھ سے کوئی بات کریں گے، مذاکرات کے نتیجے میں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ میں خود کروں گا۔