ویوین رچرڈز نے محمد عامر سے متعلق کیا کہا؟
پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹٓرز کے مینٹور ویوین رچرڈز نے فاسٹ بولر محمد عامر کی تعریف کردی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ محمد عامر کی تعریف کی ہے اور مجھے انہیں کوئٹہ سے کھیلتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ ویوین رچرڈز نے کہا کہ نسیم شاہ کے فرنچائز چھوڑنے کے بعد محمد عامر کی شمولیت سے تجربہ کار فاسٹ بولر کی کمی پوری ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم تبدیلیاں ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوسکتی ہیں۔ ویوین رچرڈز نے کہا کہ سرفراز احمد کا بڑا مداح ہوں مجھے یقین ہے کہ نئے کپتان کی تقرری سے سرفراز کا دباؤ کم ہوجائے گا، میں نے سرفراز سے کہا ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل 9 میں اپنا پہلا میچ اتوار کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔