جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ تباہ، 167 ہلاک
جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 167 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔ طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔