بگ باس 17 میں شریک اداکارہ پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے کیلئے رضامند
پاکستانی ڈراموں اور نشر کیے جانے والے مواد کی دھوم سرحد پار بھی خوب ہورہی ہے، پہلے تو پاکستانی اداکار بھارتی فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے لیکن اب بھارتی فنکار بھی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے لیے دلچسپی دکھا رہے ہیں۔بھارتی اداکارہ و ماڈل ایشا مالویا جو حال ہی میں رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئیں، ان کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہورہا ہے۔اداکارہ نے دبئی میں ایک انٹرویو دیا جس میں ان سے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا۔میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ پاکستانی ڈرامے میں کام کریں گی؟ اگر اس کی شوٹنگ دبئی میں ہو تو کیا آپ اس کے لیے رضامند ہوں گی؟جواب میں بھارتی اداکارہ نے کہا کہ میری پہلی ترجیح بھارت ہوگی کہ میں وہیں ممبئی میں رہ کر کام کروں لیکن اگر مجھے پیشکش ہوتی ہے تو میں بالکل کام کرنا پسند کروں گی۔واضح رہے کہ بگ باس سیزن 17 کا فائنل کامیڈین، ریپر اور شاعر منور فاروقی نے جیتا تھا جب کہ ابھیشیک کمار رنر اپ رہے۔