سول نافرمانی کی تحریک کیلئے تیار صرف عمران خان کے حکم کا انتظار ہے: علی امین گنڈاپور
سول نافرمانی کی تحریک کیلئے تیار صرف عمران خان کے حکم کا انتظار ہے: علی امین گنڈاپور
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سول نا فرمانی کی تحریک کے حوالے سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے حکم کا انتظار ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مجھے کل اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، میں پورے صوبے کا نمائندہ ہوں، مجھے کلیئرنس کی ضرورت نہیں، کلیئرنس مانگنے والوں کی کلیئرنس ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر عدالت جاؤں گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی سے متعلق بانی پی ٹی آئی آج بتائیں گے، عمران خان جو بھی ہدایات دیں گے ویسا ہی ہوگا۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33 مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی۔