جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائدکر دی گئی

جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائدکر دی گئی

راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اے ٹی سی کے جج نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، عدالت نے شیریں مزاری، راشد حفیظ، منیر، خادم حسین کھوکھر، ذاکر اللہ، عظیم اللہ، طاہر صادق، مہر جاوید، چودھری آصف سمیت 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، اجمل صابر اور سکندر زیب پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، تینوں نے فرد جرم کی شیٹ پردستخط کرنے سے انکار کر دیا۔
ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے خلاف ثبوت ناکافی ہیں، ہماری 265 ڈی کی درخواست پر پہلے سماعت کی جائے، درخواست پر فیصلہ آنے کے بعد فرد جرم شیٹ پر دستخط کریں گے۔
مسلسل غیر حاضر رہنے والے 23 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کر دیا، علی امین گنڈاپور سمیت 23 ملزمان کے ناقابل ضمانٹ وارنٹ گرفتاری برقرار ہیں، کیس میں کل 98 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔
بعدازاں راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں