ٹرمپ نے چینی صدر کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دیدی
ٹرمپ نے چینی صدر کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دیدی
واشنگٹن:امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو آئندہ ماہ اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واشنگٹن میں 20 جنوری کو منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری کا دعوت نامہ نومبر کے اوائل میں چینی صدر شی جن پنگ کے لیے بھیجا گیا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اسے قبول کیا گیا یا نہیں۔واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ روز قبل امریکی چینل کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اُن کے شی جن پنگ کے ساتھ چھا تعلق بن گیا ہےاور رواں ہفتے رابطہ ہوا ہے۔ ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ میں اہم عہدوں پر متعدد چائنا ہاکس کو نامزد کیا ہے جن میں سینیٹر مارکو روبیو بطور وزیر خارجہ شامل ہیں۔نو منتخب صدر نے کہا ہے کہ جب تک بیجنگ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات نہیں کرتا وہ چینی اشیاء پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔
نومبر کے آخر میں چین کے سرکاری میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا تھا کہ چینی اشیاء پر اضافی محصولات لگانے کا ان کا اقدام دنیا کی دو اعلیٰ معیشتوں کو تباہ کن ’ٹیرف جنگ‘ میں گھسیٹ سکتا ہے۔ امریکا میں چین کے سفیر ژی فینگ نے واشنگٹن میں یو ایس چائنا بزنس کونسل کے گالا میں صدر شی جن پنگ کی جانب سے ایک خط پڑھ کر سُنایا جس میں کہا گیا تھا کہ چین امریکا کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے تیار ہے۔ ہمیں محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور ایک دوسرے سے تعاون کا راستہ منتخب کرنا چاہیے۔