چاہتے ہیں شام دوبارہ دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بنے: امریکی وزیر خارجہ
چاہتے ہیں شام دوبارہ دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بنے: امریکی وزیر خارجہ
واشنگٹن :امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ چاہتے ہیں شام دوبارہ دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بنے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ شام کو پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ نہیں بننا چاہئے، شام میں موجود کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیار محفوظ یا تلف کیے جائیں۔انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ شام کے سیاسی عمل کی منتقلی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے شام کے بحران پر عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اردن، متحدہ عرب امارات، اور شامی اپوزیشن کے رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کیے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی سے بات چیت کی جس میں شام کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکہ شام میں عوام کی نمائندہ حکومت کی حمایت کرے گا اور شہریوں کے تحفظ کے لیے انسانی امداد کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
انٹونی بلنکن نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ شام کی سرزمین کو دہشتگردی کے اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ شام میں اقتدار کی منتقلی کے دوران حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شام کے بحران اور عام شہریوں بالخصوص کمزور کمیونٹیز کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا۔