پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات دور کرنے میں پیشرفت
پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات دور کرنے میں پیشرفت
پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اندرونی اختلافات دور کرنے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سابق صوبائی وزیر عاطف خان کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور شہرام ترکئی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے، اسد قیصر اور شہرام ترکئی نے وزیراعلیٰ کو ٹیلی فون کال کرنے پرآمادہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیلفونک گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عاطف خان کو وزیراعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اختلافات سے پارٹی کو نقصان ہوتا ہے، اندرونی اختلافات مل بیٹھ کر حل کرتے ہیں۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس آمد کی حامی بھرلی، عاطف خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سےرابطے کی تصدیق بھی کردی۔