ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کی شکست کے بعد 2 سال تک سو نہیں پایا: بل کلنٹن
ٹرمپ کے ہاتھوں ہیلری کی شکست کے بعد 2 سال تک سو نہیں پایا: بل کلنٹن
واشنگٹن:امریکا کے سابق صدر بل کلنٹن نے انکشاف کیا ہے کہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابل اپنی اہلیہ ہیلری کلنٹن کی شکست کے بعد وہ 2 سال تک سو نہیں سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ منظر عام پر آنے والی یاد داشتوں میں انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کا موڈ ہمیشہ خراب رہتا تھا، میں ان تمام لوگوں سے معذرت چاہتا ہوں جنھوں نے میرے غصے کا سامنا کیا۔
انھوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات کو ممکنہ طور پر امریکا کی تاریخ کے تاریک ترین انتخابات قرار دیا، کلنٹن نے کتاب میں جنسی جرائم کے معروف مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ اپنے متنازع تعلق پر بھی روشنی ڈالی، جب 2005 میں جیفری ایپسٹین کو پہلی مرتبہ حراست میں لیا گیا تو میں نے اس سے رابطہ روک دیا۔
یاد رہے کہ کلنٹن نے وائٹ ہاؤس میں زیر تربیت ملازمہ مونیکا لیونسکی کے ساتھ اپنے جنسی تعلق کے حوالے سے غلط بیانی کی تھی، کلنٹن کے مطابق وہ مونیکا سے اور ہر اس شخص سے معافی مانگ چکے ہیں جس کے حق میں انھوں نے کوتاہی کی۔