ٹرمپ کے بھارتی مشیر کا پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل سے متعلق متنازع بیان
ٹرمپ کے بھارتی مشیر کا پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل سے متعلق متنازع بیان
واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارتی نژاد مشیر راما سوامی کا نیویارک میں واقع پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ سے متعلق متنازع بیان سامنے آ گیا۔
حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بنائے گئے نئے ادارے کے مشترکہ نگراں وویک راما سوامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں روزویلٹ ہوٹل کو حکومت کی جانب سے کرایے پر لینے کے معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت کی زیر ملکیت روزیلٹ ہوٹل میں رہنے والے غیرقانونی پناہ گزینوں کے اخراجات نیویارک کے ٹیکس دینے والے رہائشی اٹھا رہے ہیں۔
وویک راما سوامی کا مزید کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمارے ملک میں رہنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی دیکھ بھال کے لیے ہماری حکومت ایک غیرملکی(پاکستانی) حکومت کو پیسے ادا کررہی ہے۔ واضح رہے کہ راما سوامی نے اب تک اپنے عہدے کا حلف بھی نہیں اٹھایا ہے۔
مالی مسائل کا شکار قومی ائیرلائن کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کو 2020 میں کورونا وبا اور شدید مالی بحران کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ نیویارک سٹی کی انتظامیہ نے گزشتہ سال یعنی 2023 میں ہوٹل روویلٹ کو 3 سال کے لیے 220 ملین ڈالر کا معاہدہ کر کے کرایے پر حاصل کیا تھا۔ ایک ہزار 25 کمروں پر مشتمل ہوٹل روزویلٹ میں پناہ گزینوں کو ویکسین اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا مرکز بنایا گیا تھا۔