سی ٹی ڈی نے ہزاروں دہشت گرد کارروائیاں ناکام بنائیں، علی امین گنڈا پور
پشاور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں امن و امان کی صورتحال بہترہوئی۔ پشاور میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی میں وزیراعظم نے کہا تھا خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی فعال نہیں ہے، وزیراعظم کو شاید غلط معلومات ملی ہیں، سی ٹی ڈی مستحکم ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سی ٹی ڈی کے 16 اسٹیشنز فعال ہیں، سی ٹی ڈی نے ہزاروں دہشت گرد کارروائیاں ناکام بنائیں۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی پراسکیوشن پر کام شروع کردیا ہے، پراسیکیوشن بہتر کام کر رہی ہے ان کو سلام پیش کرتا ہوں، آئندہ ہفتے پراسیکیوشن میں اور لوگوں کو بھی لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی میں زیرحراست ملزمان کے لیے خصوصی سیل تیار کیے ہیں، زیرحراست ملزمان کی اصلاح بہت ضروری ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو کل مزید ایک ارب روپے جاری کیے جائیں گے، اب ہمیں فرانزک کے لیے پنجاب سمیت کہیں جانے کی ضرورت نہیں، 20 بم پروف گاڑیوں کی خریداری کر رہے ہیں۔