بھارتی فوج نے اپنے ہی 7 شہریوں کو گولیوں سے بھون ڈالا
ریاست تلنگانہ میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے تلنگانہ میں ضلع ملوگو کے علاقے ایتیریباگاران میں سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد کو حراست میں لیا تھا۔بعد ازاں ان ساتوں افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئیں جنھیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ ساتوں افراد ایک مقامی قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔دوسری جانب بھارتی سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے گئے ساتوں افراد علیحدگی پسند ماؤ نواز باغی تھے۔ جو فوجی اہلکاروں کی اپنے دفاع میں کی گئی فائرنگ میں مارے گئے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جب کہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔تاہم علاقہ مکینوں نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مارے گئے ساتوں افراد قبائلی تھے اور محنت مزدوری کرتے تھے۔یاد رہے کہ چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال، آندھرا پردیش، اور مہاراشٹر سمیت بھارت کی متعدد ریاستوں میں علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں۔یہ تحریکیں مقامی وسائل پر وفاق کی اجارہ داری اور اس کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ردعمل کے طور پر معروض وجود میں آئی تھیں۔