چیمپئینز ٹرافی؛ آئی سی سی بورڈ میٹنگ ملتوی، بھارت نے مزید وقت مانگ لیا
چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پر پاکستان کے سخت موقف نے بھارت کو بوکھلادیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے آج ہونے والے اجلاس سے قبل مزید وقت مانگ لیا۔پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے بارے میں کوئی فیصلہ آج بھی مشکل دکھائی دیتا ہے، ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو کسی باضابطہ میٹنگ کا نہیں بتایا گیا۔ذرائع کے مطابق کل ملتوی ہونے والی میٹنگ کے بعد ابھی تک کوئی ایسی میٹنگ پلان نہیں کی گئی ہے۔ اب یہ میٹنگ اسی وقت بلائی جائے گی جب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مل کر اس مسئلے کا کوئی حل نکالیں گے۔آئی سی سی نے کمال ہوشیاری سے اپنی جان چھڑوا کر پی سی بی اور بی سی سی آئی کو ایک دوسرے کے سامنے لا کھڑا کیا ہے، دونوں بورڈز کے درمیان رابطے ضرور ہیں تاہم فوری طور پر کوئی متفقہ اور پائیدار حل طے نہیں پاسکا۔ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان بدستور اپنے موقف پر قائم ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آکر نہیں کھیلتی تو پھر پاکستانی ٹیم بھی بھارت میں جاکر آئی سی سی کے کسی ایونٹ کے میچز وہاں نہیں کھیلے گا۔