انسداد دہشت گردی عدالت کا وکلا کو عمران خان سے فوری ملاقات کرانے کا حکم
عمران خان کے وکلا نے ملاقات سے روکے جانے پر تفتیشی افسر کے خلاف اے ٹی سی میں درخواست دائر کردی، عدالت نے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا فیصل چوہدری اور ملک فیصل ایڈووکیٹس نے ان سے ملاقات کے لیے اے ٹی سی میں نئی درخواست دائر کردی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے ملاقات کے لیے تفتیشی آفیسر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تاہم تفتیشی آفیسر نے ملاقات کرانے سے انکار کر دیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے عمران خان جیل انتظامیہ نہیں پولیس کی حراست میں ہیں، وکلاء کی اپنے کلائنٹ سے ملاقات آئینی و قانونی حق ہے، تفتیشی آفیسر کو عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔درخواست پر عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن کے تفتیشی آفیسر کو نوٹس جاری کر کے طلب کرلیا۔فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کی دشمن ہے آج ہماری ملاقات لازمی کرائی جائے عمران خان کی جان اور صحت پر پوری قوم کو تشویش ہے، سوشل میڈیا پر انتہائی تشویش ناک خبریں ہیں جس پر تشویش ہے،جسمانی ریمانڈ کا مطلب سزا نہیں ہے، تفتیش کے دوران ملاقات کی آئینی اجازت ہے۔