شادی فضول کام ہے، صدیوں پرانی روایت ضروری اہمیت حاصل کر چکی ہے، جاوید اختر
شادی فضول کام ہے، صدیوں پرانی روایت ضروری اہمیت حاصل کر چکی ہے، جاوید اختر
ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار اور مصنف جاوید اختر نے حال ہی میں شادی اور اپنی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی کے ساتھ تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر نے کہا کہ کسی بھی رشتے کی بنیاد باہمی عزت اور احترام پر ہوتی ہے، انہوں نے شادی کے تصور کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صدیوں پرانی روایت ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ ’کچرا‘ جمع کر چکی ہے۔
جاوید اختر مطابق ان کا اور شبانہ کا رشتہ دوستی پر مبنی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا وہ اور ان کی اہلیہ بمشکل شادی شدہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم دوست ہیں، شادی فضول کام ہے، یہ صرف ایک صدیوں پرانی روایت ہے جو وقت کے ساتھ غیر ضروری معنی اور اہمیت حاصل کر چکی ہے۔
جاوید اختر نے مزید کہا کہ شوہر اور بیوی جیسے الفاظ وقت کے ساتھ بہت زیادہ بوجھ بن گئے ہیں، ان کے مطابق کامیاب رشتہ شادی جیسے کسی لیبل سے نہیں بلکہ باہمی عزت و احترام اور ایک دوسرے کو سمجھنے سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا ایک رشتے میں دو لوگوں کو ایک دوسرے کے سپیس اور آزادی کا احترام کرنا چاہیے محبت میں اگر عزت نہ ہو تو وہ صرف دھوکہ ہے۔
یاد رہے کہ جاوید اختر اور شبانہ اعظمی 1984 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ان کی شادی کو اب 40 برس گزر چکے ہیں جس پر جاوید اختر کا کہنا ہے کہ ان کی خوشحال زندگی کی بنیاد ان دونوں کے درمیان موجود دوستی ہے۔