گوگل میپ کے بتائے ہوئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی زیر تعمیر پل سے دریا میں جاگری
گوگل میپ کے بتائے ہوئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی زیر تعمیر پل سے دریا میں جاگری
اتر پردیش :اتر پردیش بھارتی ریاست اتر پردیش کے قصبے فرید پور میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، گوگل میپ کے بتائے ہوئے راستے پر سفر کرنے والی ایک گاڑی زیر تعمیر پل سے دریا میں جاگری، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) کا استعمال کرتے ہوئے بریلی سے داتا گنج جانے والی ایک کار ضلع فرید پور میں 50 فٹ کی بلندی سے ایک خستہ حال پل سے دریا میں جا گری۔
اس حادثے میں دو بھائی اور ایک نوجوان ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں امیت اور وویک کمار شامل ہیں، جو فرخ آباد کے رہائشی تھے، جبکہ پولیس تیسرے مقتول کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق پل کا اگلا حصہ رواں سال سیلاب کی وجہ سے ٹوٹ کر دریا میں گر چکا تھا، لیکن اس تبدیلی کو گوگل میپ میں اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ڈرائیور کو پل کے ٹوٹے ہونے کا پتہ نہ چل سکا۔
گاؤں والوں کی اطلاع کے بعد، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے رام گنگا دریا سے گاڑی کو نکال لیا، جس میں سوار تینوں افراد کی موت ہو چکی تھی۔

