ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ کی نامزدگی مکمل کر لی
واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ کی نامزدگی مکمل کر لی ہے، اب سینیٹ سے توثیق کا انتظار ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کابینہ میں نئے چہرے بھی شامل کیے ہیں، ہفتے کے روز انھوں نے دیرینہ اتحادی بروک رولنز کو سیکریٹری زراعت نامزد کر دیا ہے۔بروک رولنز قدامت پسند امریکا فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او ہیں اور ٹرمپ کے پہلے دور میں انھوں نے امریکی ڈومیسٹک پالیسی کونسل کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔میگا کے نعرے کا ساتھ دینے والے سابق حریفوں کو بھی کابینہ کے لیے چنا ئوگیا ہے، ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات کو سرجن جنرل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، ڈاکٹر جینیٹ مختلف بیماریوں اور قدرتی آفات کے مسائل پر بات کرتی ہیں۔ دائیں بازو کے ٹیکساس اسٹیٹ کے سابق نمائندے اسکاٹ ٹرنر کو ہاسنگ اور اربن ڈیولپمنٹ کی قیادت کے لیے نامزد کیا گیا۔اٹارنی جنرل کے لیے میٹ گیٹز کی نامزدگی پر سینیٹ سے مثبت ردعمل نہ ملنے پر وہ دست بردار ہوئے اور ان کی جگہ پام بوندی اٹارنی جنرل نامزد کی گئیں۔ دوسری طرف ویکسین مخالفت پر وزارت صحت کے لیے نامزد رابرٹ کینیڈی جونیئر پر کڑی تنقید کی گئی ہے، کم تجربے کی حامل نامزد وزیر تعلیم لینڈا میک موہن کو بھی کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ایک اور قابل ذکر انتخاب نیشنل سیکیورٹی کونسل میں نیوز میکس چینل سے لی گئی شخصیت سیباسٹین گورکا ہے، گورکا ٹرمپ کی کابینہ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی ٹی وی شخصیت نہیں ہیں، کیوں کہ فاکس نیوز کے میزبان پیٹ ہیگستھ کو بھی سیکریٹری دفاع کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔صدارت کا منصب سنبھالنے سے قبل ٹرمپ نے کئی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کی ہیں، جن میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، ڈائریکٹر سی آئی اے، ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف، سمیت دیگر اہم عہدے شامل ہیں۔