پی ٹی آئی احتجاج، گنڈاپور، بشریٰ بی بی قافلے کے ہمراہ
اسلام آباد، لاہور، پشاور:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فائنل کال پر تحریک انصاف کے احتجاجی قافلے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور پشاور سے قافلے کی صورت میں صوابی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں دیگر علاقوں سے بھی قافلے پہنچیں گے جس کے بعد علی امین گنڈا پور کی قیادت میں قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ بشریٰ بی بی بھی پی ٹی آئی کے احتجاجی قافلے میں شامل ہیں تاہم بشریٰ بی بی الگ گاڑی میں سوار ہیں۔اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی قافلے میں ہیں لیکن قافلے کو لیڈ پارٹی قیادت کرے گی۔مریم ریاض وٹو کا کہنا تھا سب کو بشریٰ بی بی کی فکر تھی، لوگ انہیں منا رہے تھے کہ وہ نہ نکلیں ان کی جان کو خطرہ ہے لیکن رب کے راستے پہ چلنے والوں کو ان چیزوں کی کہاں فکر ہوتی ہے۔