امریکہ: طوفان ’’بم‘‘ نے تباہی مچا دی، 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم
امریکہ: طوفان ’’بم‘‘ نے تباہی مچا دی، 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم
واشنگٹن:امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں آنے والے شدید طوفان ’بم‘ سے پانچ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں
شدید طوفان کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد گھر تباہ ہوگئے ہیں، طوفان کے باعث ہمسایہ ملک کینیڈا کو بھی بجلی کی فراہمی میں خلل اور بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔
طوفان کی وجہ سے ریاست واشنگٹن میں تیز ہوائیں چلیں اور موسلا دھار بارش ہوئی جہاں دو افراد کے ہلاک اور دو کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سیئٹل کے قریب ایک درخت گرنے سے ایک اور خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ میپل ویلی میں ایک درخت ٹریلر پر گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق ’بم‘ طوفان میں 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے درختوں کو اکھاڑ دیا اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شدید موسم کی وجہ سے مغربی واشنگٹن کے اسکولوں میں بھی تدریسی عمل متاثر ہوا اور بہت سے اسکولوں نے کلاسیں منسوخ یا ملتوی کر دیں۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے مطابق واشنگٹن، جنوب مغربی اوریگون اور شمالی کیلیفورنیا میں پانچ لاکھ 30 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں۔
مقامی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں کیونکہ درخت اور بجلی کی لائنیں گرنے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ بیلیویو میں فائر ڈپارٹمنٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نچلی منزلوں پر پناہ لیں اور کھڑکیوں سے باہر جھانکنے سے گریز کریں۔