انخلا کے احکامات کے بعد جنوبی بیروت پر اسرائیل کی بمباری

انخلا کے احکامات کے بعد جنوبی بیروت پر اسرائیل کی بمباری

بیروت :حزب اللہ کی جانب سے حیفا شہر پر راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل نے جنوبی بیروت پر حملہ کیا ہے اور حزب اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات کے تین حصوں سے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچی ادرائی نے ایکس پر لکھا کہ آپ حزب اللہ سے منسلک عمارات کے قریب قیام پذیر ہیں جن کے خلاف مستقبل قریب میں آئی ڈی ایف (اسرائیلی فوج) کام کرے گی۔لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اتوار کی صبح رپورٹ کیا کہ رات گئے اسرائیلی فضائی حملے اور گولہ باری میں جنوبی قصبے خیام کو نشانہ بنایا گیا جو سرحد سے تقریباً چھ کلومیٹر (چار میل) دور واقع ہے۔اسرائیل نے بیروت اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ پر مسلسل فضائی حملے کیے ہیں جبکہ دوسری جانب ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ نے ساحلی شہر حیفا کے گرد متعدد اسرائیلی فوجی اڈوں پر راکٹ فائر کیے۔اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ نے ہفتے کو اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفا کے گرد ونواح میں متعدد اسرائیلی فوجی اڈوں پر 80 کے آس پاس گائیڈڈ میزائل داغے، جن میں سے ایک نے لبنان سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور سرحدی گاؤں شاما کے قریب ایک اسرائیلی ٹینک کو تباہ کر دیا۔لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ تسلسل سے فضائی حملے کیے گئے ہیں ، لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 8 اکتوبر کے بعد سے 3 ہزارسے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں