عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری
عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان ان مقدمات میں نامزد نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی کو ضمنی بیان کی روشنی میں نامزد کیا گیا اور ان پر صرف مجرمانہ سازش کی حوصلہ افزائی کے الزامات ہیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق پولیس آفیشلز نے اس سازش کو سنا لیکن حیران کن طور پر پولیس حکام نے اپنے کسی اعلیٰ افسر کو اس سازش کے بارے میں نہیں بتایا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا، جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا جب کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے نو مئی کے واقعات کی مذمت کی۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے چار مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
یاد رہے کہ 15 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر 10 روزہ ریمانڈ دے دیا تھا۔