امریکہ میں غیر قانونی مقیم بھارتی شہریوں میں کھلبلی مچ گئی
امریکہ میں غیر قانونی مقیم بھارتی شہریوں میں کھلبلی مچ گئی
ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے سے امریکا میں غیرقانونی طورپر مقیم افراد میں کھلبلی مچ گئی۔
امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے زیادہ بھارتی شہری پریشان ہیں کیونکہ غیر قانونی طورپر امریکا میں مقیم بھارتی شہریوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا جبری بےدخلی کا آپریشن شروع کرنے کا انتخابی وعدہ پورا کریں گے، انہوں نے اسی مقصد کے لیے اپنے پہلے دور صدارت میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ یعنی آئی سی ای کے قائم مقام سربراہ کو بارڈر زار نامزد کردیا ہے۔
نو منتخب نائب صدر جے ڈی وینس نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ امریکا میں غیرقانونی طورپر مقیم 10 لاکھ افراد سالانہ واپس بھیجے جائیں گے۔
ٹرمپ کے امیگریشن مشیر اسٹیفن ملر کے مطابق اس کے لیے ملازمت کی جگہوں پر چھاپے مارے جائیں گے اور ڈیپورٹیشن کا آپریشن فوجی جہازوں کے ذریعے کیا جائے گا جس کے لیے نیشنل گارڈز کی خدمات لی جائیں گی۔
سال 2022 کے سروے کے مطابق امیگرینٹس امریکا کی آبادی کا 14 اعشاریہ 3 فیصد ہیں اور خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ سال 2022 سے اب تک مزید ایک ملین افراد غیر قانونی طورپر امریکا سے داخل ہوئے۔