امریکی خاتون نے اپنا دودھ عطیہ کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر لیا
ٹیکساس :ٹیکساس کی 36 سالہ ایلیسس اوگل ٹری جو تین بچوں کی ماں ہیں نے ایک منفرد اور دل کو چھو لینے والا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے اپنے دودھ کی 2000 لیٹر سے زائد مقدار ضرورت مند بچوں کو عطیہ کی، جس سے ہزاروں بچوں کی پرورش میں مدد ملی۔ ایلیسس کا کہنا ہے کہ پیسے عطیہ کرنا تو عام بات ہے، مگر انہوں نے مخیر بننے کا ایک انوکھا طریقہ اپنایا، جس سے نہ صرف ایک عالمی ریکارڈ قائم ہوا بلکہ انسانی خدمت کا نیا معیار بھی قائم کیا۔
فلورماؤنٹ، ٹیکساس کی رہائشی ایلیسس نے اپنے دل کی بات کرتے ہوئے کہا کہ “میرے پاس اتنی دولت نہیں کہ میں بڑے پیمانے پر انسانیت کی خدمت کر سکوں، لیکن میں جو کچھ بھی کر سکتی تھی وہ اپنے دودھ کو ضرورت مند بچوں کے لیے عطیہ کرنا تھا۔”
گینیس ورلڈ ریکارڈز نے اپنے انٹرویو میں ایلیسس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے 2645.58 لیٹر دودھ کی عطیّہ کی مقدار ایک عالمی ریکارڈ ہے، جس سے ہزاروں بچے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ یہ ریکارڈ انہوں نے جولائی 2023 میں قائم کیا، اور یہ ان کا دوسرا عالمی ریکارڈ تھا۔ اس سے قبل 2014 میں، انہوں نے 1569.79 لیٹر دودھ عطیہ کر کے پہلا ریکارڈ بنایا تھا۔
ایلیسس اوگل ٹری کا یہ جذبہ اور خدمت کا جذبہ واقعی قابل ستائش ہے، اور انہوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے دولت کا ہونا ضروری نہیں، بلکہ نیت اور عزم ہونا چاہیے۔