بانی پی ٹی آئی کا نام نشر کرنے پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی: پیمرا
لاہور:پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے لاہور ہائی کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نام کی نشریات پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا۔
پیمرا نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے نام کی نشریات پر کسی قسم کی پابندی عائد کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما اکمل خان باری کی درخواست کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ پیمرا نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے کوئی ایسی ثبوت پیش نہیں کیے جس سے یہ ثابت ہو کہ پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر پابندی لگائی ہو۔
پیمرا نے مزید کہا کہ درخواست گزار کی درخواست ابھی تک پیمرا کے زیر غور ہے، اور اس بنا پر لاہور ہائی کورٹ میں اس پر سماعت کرنا غیر ضروری ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ وہ حقیقت کی بنیاد پر اس درخواست کو خارج کر دے۔
اس دوران درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہو سکے، جس پر عدالت میں معاون وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کا وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ جس پر جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ وکیل نے ہمیشہ درخواست دائر کی ہے، مگر عدالت میں پیش ہونے کا وقت نہیں نکالا۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی کہا کہ پیمرا آرڈیننس کے مطابق یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی، اور درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ ٹی وی چینلز پر بانی پی ٹی آئی کا نام نشر کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ اس سے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔