ایک بری عادت چھوڑنے پر شاہ خان کی مقبولیت میں اضافہ

Shah Khan's rise in popularity for quitting a bad habit

نئی دہلی:بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو حیران کر دینے والی خوشخبری سنائی۔ 2 نومبر کو مداحوں کے سامنے آنے کی روایت کے برخلاف اس بار وہ اپنے گھر کے باہر نظر نہیں آئے، لیکن ایک خصوصی تقریب میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سگریٹ نوشی کو مکمل طور پر ترک کر چکے ہیں۔ ان کے اس فیصلے نے نہ صرف ان کی صحت پر مثبت اثر ڈالا ہے بلکہ مالی اعتبار سے بھی سودمند ثابت ہو رہا ہے۔
اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، نوجوانوں کے لیے مخصوص عالمی برانڈز اب شاہ رخ خان کے اس مثبت فیصلے کے بعد ان کے ساتھ اشتہاری معاہدے کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ بہت سے برانڈز اپنے اصولوں کی بنا پر ان اسٹارز کے ساتھ کام نہیں کرتے جو سگریٹ نوشی میں ملوث ہوں، اور شاہ رخ خان کے اس قدم نے ان کی برانڈ ویلیو کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ایک معروف برانڈ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ان کا برانڈ، جو نوجوانوں پر مرکوز ہے، اب شاہ رخ خان کے ساتھ پہلے سے زیادہ اعتماد کے ساتھ کام کر سکتا ہے۔
شاہ رخ خان اس وقت تھمس اپ، ایورسٹ اسپائسیز، مینٹرا، کاسٹرول، دبئی ٹورزم، ریئلمی، ڈی ایکس، ہنڈائی، اور ڈی کور جیسے بڑے برانڈز کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ 2023 کی رپورٹ کے مطابق ان کی برانڈ ویلیو تقریباً 120.7 ملین ڈالر کے قریب ہے۔
ماضی میں شاہ رخ کی ساس ساویتا چھبر اور دوست جوہی چاولا بھی ان سے سگریٹ چھوڑنے کی درخواست کر چکے ہیں۔ 2020 میں ایک مداح نے سوشل میڈیا پر ان سے سگریٹ چھوڑنے کے بارے میں مشورہ مانگا تو شاہ رخ نے اپنے خاص انداز میں جواب دیا کہ “آپ غلط جگہ پر مشورہ ڈھونڈ رہے ہیں۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں