صدر بنا تو ملازمین کے اوور ٹائم پر عائد ٹیکس ختم کردوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حکمراں جماعت کی امیدوار کملا ہیرس کی جانب سے سخت مقابلہ درپیش ہے اور وہ اپنے مزاج کے برعکس ٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔ نشریاتی ادارے کے مطابق سابق صدر اور موجودہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اوور ٹائم پر عائد ٹیکس کو ختم کرنے سے ملازمین کو سخت محنت کی ترغیب ملے گی اور ملازمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ایریزونا میں ایک ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس اقدام سے ہفتے میں 40 گھنٹے سے زیادہ وقت کام کرنے والے پولیس افسران، نرسیں اور فیکٹری ورکرز جو اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، کو فائدہ پہنچے گا۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ ان کی ٹیکس کٹوتی کی تجاویز میں ٹپس پر ٹیکس کا خاتمہ، کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد تک کم کرنا، اور 2017 میں انکم ٹیکس میں کٹوتیوں کو بڑھانا شامل ہے۔تاہم سابق امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس منصوبے پر کس طرح عمل درآمد کریں گے جب کہ قوم پر بڑھتا ہوا قرض 35 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچا ہے۔