ملائکہ اروڑا کے والد کی آخری رسومات ادا کردی گئیں

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ڈانسر ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا نے 11 ستمبر کی صبح اپنے اپارٹمنٹ کی چھت سے چھلانگ کر خودکشی کی۔انیل مہتا کی آخری رسومات آج یعنی 12 ستمبر کی صبح ممبئی میں ادا کی گئیں، اس موقع پر ملائکہ اروڑا کی والدہ جوائس پولی کارپ شدتِ غم سے نڈھال اور روتی ہوئی نظر آئیں جبکہ ملائکہ والد کی اچانک موت کے صدمے میں خاموش تھیں۔ملائکہ اروڑا کے والد کی آخری رسومات کے موقع پر اداکارہ کے سابقہ سُسرالی یعنی ارباز خان اور اُن کا پورا خاندان موجود تھا جبکہ ارجن کپور نے بھی اس مشکل گھڑی میں ملائکہ کا ساتھ نہیں چھوڑا اور اُن کے ساتھ ساتھ نظر آئے۔انیل مہتا کی آخری رسومات کی ادائیگی میں شرکت کے لیے بالی ووڈ کی نامور شخصیات بھی پہنچیں، جن میں سیف علی خان، کرشمہ کپور، کرینہ کپور، سہیل خان، فرح خان، ساجد خان، گوہر خان، ارشد وارثی اور گرو رندھاوا سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔ان شخصیات کے علاوہ، ملائکہ اروڑا کے سابق شوہر ارباز خان بھی اپنی دوسری بیوی شوریٰ خان کے ہمراہ انیل مہتا کی آخری رسومات میں پہنچے۔واضح رہے کہ انیل مہتا نے سوگواران میں ان کی بیٹیاں، اداکارہ ملائکہ اروڑا، امریتا اروڑا اور سابقہ اہلیہ جوائس پولی کارپ چھوڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں