‘لال سنگھ چڈھا’ کی ناکامی نے عامر خان کو شدید متاثر کیا، سابقہ اہلیہ کا انکشاف
ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ و فلمساز کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ فلم “لال سنگھ چڈھا” کی ناکامی نے اداکار کو ذہنی طور پر شدید متاثر کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلمساز کرن راؤ اس وقت اپنی ہدایت کردہ فلم “لاپتا لیڈیز” کی تشہیر میں مصروف ہیں، اس حوالے سے وہ مختلف بھارتی خبررساں اداروں کو انٹرویوز بھی دے رہی ہیں۔کرن راؤ نے حال ہی میں دیے گئے اپنے انٹرویو میں جہاں اپنی نئی فلم کے حوالے سے بات کی تو وہیں اُنہوں نے اپنے سابق شوہر عامر خان کی فلاپ فلم “لال سنگھ چڈھا” سے متعلق بھی کچھ گفتگو کی۔اُنہوں نے کہا کہ عامر خان کو اپنی فلم “لال سنگھ چڈھا” کی ریلیز سے قبل اُمید تھی کہ یہ فلم ہٹ ہوگی لیکن جب یہ فلم فلاپ ہوئی تو عامر خان ذہنی طور پر شدید متاثر ہوئے کیونکہ اُنہوں نے فلم کے لیے بہت محنت کی تھی اور ہر فلم کی طرح “لال سنگھ چڈھا” میں بھی اُن کا کردار منفرد تھا۔کرن راؤ نے سابق شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، وہ ہمیشہ اپنا کام اور کردار بہترین انداز میں کرتے ہیں، منفرد کام کرنا اُن کے خون میں شامل ہے لہٰذا مجھے ایسا لگتا ہے کہ “لال سنگھ چڈھا” کی ناکامی کے بعد عامر خان کو دوبارہ اُبھر کر سامنے آنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس بار کامیاب ہوجائیں گے۔