کیا عمران ہاشمی حافظِ قرآن ہیں؟ اداکار نے بتادیا

ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری کے رومانوی ہیرو عمران ہاشمی نے اُن کے حافظِ قرآن ہونے سے متعلق گردش کرتی خبروں پر ردعمل دے دیا۔گزشتہ سال پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے ساتھی اداکار عمران ہاشمی سے متعلق حیران کُن انکشافات کیے تھے۔حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ عمران ہاشمی بہترین دوست اور بہت اچھے انسان ہیں، وہ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ کافی مذہبی بھی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمران ہاشمی نے قرآن پاک کی ساری آیات کا حفظ کیا ہوا ہے، ہم دونوں اکثر شوٹنگ کے سیٹ پر آیات پڑھتے تھے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ لوگ صرف اسکرین پر عمران ہاشمی کا کردار دیکھ کر اُن کی شخصیت کے بارے میں اندازے لگاتے ہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ اداکار کا دل پاک ہے۔حمائمہ ملک کے انکشافات سُن کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے تھے، صارفین کا کہنا تھا کہ اُن کے لیے ان انکشافات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔اب عمران ہاشمی نے خود ایک انٹرویو کے دوران، مداحوں کی اُلجھن ختم کرتے ہوئے حمائمہ ملک کے انکشافات کی تردید کردی ہے۔عمران ہاشمی سے ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ آپ اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے سے قبل حافظِ قرآن تھے؟اس سوال کے جواب میں عمران ہاشمی نے کہا کہ نہیں یہ غلط معلومات ہے، میں حافظ قرآن نہیں ہوں۔اداکار نے کہا کہ میرے حوالے سے یہ خبر پھیلی ہوئی ہے لیکن میں اس خبر کی تردید کرتا ہوں، یہ سچ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں