ایرانی پارلیمنٹ نے صدر پزیشکیان کی نامزد کابینہ کی منظوری دیدی
ایران کی پارلیمنٹ نے صدر مسعود پزیشکیان کی نامزد کابینہ کے تمام افراد کی منظوری دیدی۔ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک خاتون وزیر سمیت 19 رکنی کابینہ کی منظوری دیدی گئی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ نے اجلاس کے پانچویں اور آخری روز اہلیت، صلاحیت اور سابقہ ریکارڈ چیک کرنے کے بعد صدر پزیشکیان کی نامزد کابینہ ارکان کی منظوری دی۔ایران کی 12 ویں پارلیمنٹ کے 288 ممبران نے ووٹ کے ذریعے چودھویں حکومت کی نامزد کابینہ کی منظوری دی، اس موقع پر صدر پزیشکیان نے ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ پارلیمنٹ کے سامنے نامزد وزرا کے حق میں دلائل پیش کیے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد سید عباس عرقچی وزارت خارجہ، بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ ڈیفنس اور سید اسماعیل خطیب انٹیلی جنس کی وزیر کا عہدہ سنبھالیں گے۔منظوری کے بعد امین حسین رحیمی وزیر انصاف، عبدولناصر ہمتی وزیر خزانہ اور اسکندر مومنی وزیر داخلہ ہوں گے۔پارلیمنٹ سے منظور شدہ 19 رکنی کابینہ کے ارکان میں علی رضا کاظمی، ستار ہاشمی، محمد رضا ظفرقندی، احمد میداری، غلام رضا نوری قزلجح، خاتون رکن فرزانہ صادق، اور سید محمد اتباک کے نام شامل ہیں۔سید سیمائی صراف، سید عباس صالحی، سید رضا صالحی امیری، محسن پاکنیجاد، عباس علی آؓبادی اور احمد دونیہ مالی کے نام بھی نئی کابینہ کے ارکان میں شامل ہیں۔