اولمپکس میں سلور میڈل کے باوجود نیرج کی برانڈ ویلیو بڑھ گئی
پیرس اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے کے بعد بھارت کے 26 سالہ ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی برانڈ ویلیو میں اضافہ ہوگیا۔پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا اور گولڈ میڈل جیتا تھا۔ نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر آئے تھے اور سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے تھے۔مسلسل کامیابیوں کے بعد نیرج چوپڑا کی برانڈ ویلیو میں اضافہ ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی فیس بھی 40 سے 50 فیصد بڑھا دی ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اولمپکس میں سلور میڈل کے بعد نیرج سے مزید کمپنیاں ڈیل کرنے پر آمادہ ہیں جس کے بعد وہ کرکٹ کے علاوہ سب سے زیادہ برانڈ کے ساتھ شراکت کرنے والے ایتھلیٹ بن جائیں گے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نیرج کو برانڈز کے ساتھ شراکت کی مد میں پہلے 3 کروڑ بھارتی روپے ملتے تھے تاہم اب یہ قیمت ساڑھے چار کروڑ تک پہنچ چکی ہے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 37 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔نیرج چوپڑا کم عمری میں ہی متعدد جائیدادوں کے مالک ہیں جہاں ہریانہ میں 3 اسٹوری بنگلا ان کی ملکیت ہے۔کاروں کی کلیکشن کے طور پر نیرج کے پاس رینج روور اسپورٹ، فورڈ مستنگ جی ٹی، ٹویوٹا فورچیونر اور 12 لاکھ مالیت کی بائیکس ہیں۔