ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے معاشی ایجنڈے کی تفصیلات سامنے آ گئیں

واشنگٹن: ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے معاشی ایجنڈے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نائب امریکی صدر کملا ہیرس نے شمالی کیرولائنا میں ایک تقریر میں اپنے معاشی ایجنڈے کے بارے میں مزید تفصیلات سے پردہ اٹھایا ہے۔کملا ہیرس نے الیکشن جیتنے پر ٹیکسوں میں بڑی کمی اور سبسڈیز دینے کا اعلان کیا، اور کہا کہ طبی قرضے کا خاتمہ، 25 ہزار ڈالر ہاؤسنگ اور بچوں کے لیے 6 ہزار ڈالر سبسڈی دی جائے گی، ٹرمپ نے اپنے دور میں ارب پتی تاجروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دی تھی۔کملا ہیرس نے اپنے معاشی ایجنڈے میں گروسری اور نسخے کی دوائیوں کی قیمت کم کرنے (انسولین پر 35 ڈالر کی سبسڈی)، اور متوسط طبقے کو تقویت دینے کے لیے ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے پر توجہ دی ہے۔کملا ہیرس اپنے پہلے 100 دنوں میں خوراک اور گروسری کی قیمتوں میں اضافے پر قومی پابندی کا قانون پاس کرنے کے لیے کانگریس کی مدد کریں گی، فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور پراسیکیوٹرز کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ ان کمپنیوں کی نگرانی کریں جو قیمتوں میں اضافے کا تعین کرتی ہیں، اور چھوٹے کاروباروں کو تعاون فراہم کریں، اور بڑی گروسری کمپنیوں کے آپس میں انضمام پر گہری نگاہ رکھیں۔ نیز گوشت کی سپلائی چینز میں قیمتوں کے تعین کی ’’جارحانہ‘‘ تحقیقات کی جائیں گی۔ پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے 25,000 ڈالر کی ڈاؤن پیمنٹ امداد فراہم کی جائے گی، اور اگلے چار سالوں میں 30 لاکھ نئے ہاؤسنگ یونٹس بنائے جائیں گے، اُن ڈویلپرز کو ٹیکس کریڈٹ دیا جائے گا جو اسٹارٹر ہومز بنائیں گے، اور ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔ اُن ہاؤسنگ ڈویلپرز کے لیے ٹیکس کریڈٹ بڑھا دیا جائے گا جو سستی ہاؤسنگ رینٹل یونٹس بنائیں گے، اور کانگریس کے ذریعے ایسی قانون سازی کی جائے گی جس کی مدد سے ان ’موقع پرست‘ سرمایہ کاروں کو روکا جا سکے گا جو کرائے کے گھر خرید لیتے ہیں اور پھر آپس میں گٹھ جوڑ کر کے کرائے میں اضافہ کر دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں