بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کو پاکستانی ڈراموں سے سیکھنا چاہیے، بھارتی اداکار

ممبئی: معروف بھارتی اداکار سشانت سنگھ نے بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی حالت کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بہترین مواد کے لیے پاکستانی ڈراموں سے سیکھنا چاہیے۔بالی ووڈ ببل ٹیلی ویژن نے اپنے آفیشل فیس بُک پیج پر بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کی۔بھارتی اداکار سشانت سنگھ نے کہا کہ ہمارا پڑوسی ملک جسے ہم اپنا دشمن کہتے رہتے ہیں، ان کا مواد (ڈرامے) دیکھیں اور پھر اپنا مواد دیکھیں، پاکستانی ڈرامے اور سیریز ہمارے ڈراموں سے بہت زیادہ بہتر ہیں۔سشانت سنگھ نے سوال کیا کہ ہم ایسے کیوں ہیں؟ ہم ان لوگوں کو غلط کیوں کہتے ہیں جو پڑوسی ملک کے بہترین کام کی تعریف کرتے ہیں، جو ناانصافی اور مواد کے خلاف شکایت کرتے ہیں، کیا یہی وہ پیغام ہے جو ہم دنیا کو دینا چاہتے ہیں؟اُنہوں نے کہا کہ یہاں اگر کوئی اداکار بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے خلاف درست بات کرتا ہے تو اس کا کام بند کردیا جاتا ہے اور اُس کا کیریئر تباہ کردیا جاتا ہے، اس انڈسٹری میں جاگیردارانہ ذہنیت قائم ہے اور اداکاروں کو برداشت کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں