انگلش ٹیم کی کوچنگ؛ سنگاکارا، ٹریسکوتھک، فلنٹوف مضبوط دعویدار
سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا، مارکس ٹریسکوتھک اور اینڈریو فلنٹوف انگلینڈ وائٹ بال ٹیم کیلئے ہیڈکوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔سال 2022 ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کو ہراکر ٹائٹل اپنے نام کرنیوالی ٹیم کے ہیڈکوچ میتھیو موٹ کو ون ڈے ورلڈکپ 2023 اور ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ناقص پرفارمنس پر ہٹائے جانے کا امکان ہے۔انگلینڈ دونوں ٹورنامنٹس میں اپنے ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہا اور اب خبریں چل رہی ہیں کہ انہیں عہدے سے برطرف کردیا جائے گا۔موٹ کے جانے کے بعد انگلش ٹیم کو وائٹ بال فارمیٹ کیلئے نئے ہیڈکوچ کی تلاش ہے جس کیلئے سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا، مارکس ٹریسکوتھک اور اینڈریو فلنٹوف کا نام گردش کررہا ہے۔انگلش ٹیم کے ہیڈکوچ کیلئے اینڈریو فلنٹوف پسندیدہ قرار دیئے جارہے ہیں جو دی ہنڈریڈ لیگ میں ناردرن سپرچارجرز کے بطور ہیڈکوچ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔دوسری جانب سابق انگلش اوپنر و اسسٹنٹ کوچ مارکس ٹریسکوتھک عبوری بنیادوں پر ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور دورہ آسٹریلیا کے دوران انگلینڈ کی کوچنگ کا فریضہ سرانجام دیں گے۔