فرانسیسی میوزیم نے شاہ رخ خان کے نام کا سکہ جاری کردیا
فرانس کے ایک میوزیم نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے نام کا سونے کا سکہ جاری کردیا۔سکے کا اجرا پیرس کے گرے وِن میوزیم کی جانب سے کیا گیا، میوزیم نے پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں شاہ رخ خان کی خدمات کے اعتراف میں سکہ جاری کیا۔بالی ووڈ کے کنگ خان پہلے بھارتی اداکار بن گئے ہیں جنہیں گرے وِن میوزیم نے سونے کے سکے سے نوازا ہے۔لیکن شاہ رخ خان کیلئے یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ انہیں کسی بین الاقومی اعزاز سے نوازا گیا ہے بلکہ اداکار اپنے کیرئیر میں اب تک 200 سے زائد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔یونیسکو کی جانب سے 2011 میں شاہ رخ خان کو پیرامڈ کون میری ایوارڈ سے نواز گیا تھا اور شاہ رخ خان یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی اداکار تھے۔ اس کے علاوہ لوکارنو فلم فیسٹویل میں انہیں کیرئیر اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور یہاں بھی وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی تھے۔علاوہ ازیں شاہ رخ خان ییل چب فیلوشپ ایوارڈ اور فرانسسیسی حکومت سے چے وِیلیئر تمغہ بھی حاصل کرچکے ہیں۔