میرے قتل پر امریکا نے ایران کو قصۂ پارینہ نہ بنایا تو تاریخ ہمیں بزدل لکھے گی، ٹرمپ

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میرا قتل ہوگیا تو امریکا، ایران کو ختم کردے گا لیکن ایسا نہ ہوا تو اس کا مطلب ہوگا کہ امریکی لیڈرشپ بزدل ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی کانگریس میں تقریر کا کلپ دکھایا گیا تھا۔ویڈیو کلپ میں اسرائیلی وزیراعظم کو ٹرمپ کی تعریفیں اور یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے میں ایران ملوث ہے۔اس ویڈیو کے کیپشن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا اگر مجھے قتل کر دیا گیا جس امکان ہمیشہ رہتا ہے، تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکی فورسز ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو امریکی قیادت کو تاریخ میں بزدل اور شجاعت سے خالی شمار کیا جائے گا۔یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات اُس وقت اپنی انتہا کو پہنچ گئی جب 2020 میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا نے ڈرون حملے میں بغداد ایئرپورٹ پر ہلاک کردیا تھا۔اُس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میرے حکم پر جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا گیا۔ جس پر ایران نے امریکی صدر کو قتل کی دھمکی بھی دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں