حکومت کا تحریک انصاف پرپابندی لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا خاندان 9 مئی واقعات میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری اپنی اپنی لوکیشنز پر پہنچیں۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دہشت گردوں کو لا کر پناہ گاہیں دے رہے تھے کہ یہ ملکی سالمیت میں کردار ادا کریں گے، دوسری طرف انہوں نے جی ایچ کیو اور کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا، انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ختم کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا حکومت نے چار بڑے فیصلے کیے ہیں، آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، آپ نے سائفر کے ساتھ جو کیا آپ نے ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی، یہ اربوں روپے آپ کے پاس آتے کہاں سے ہیں ؟ آنے والے دنوں میں اس سارے عمل کو مکمل کیاجائے گا۔