برطانوی انتخابات؛ 14 سال سے حکمراں جماعت کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی

لندن: برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں مسلسل 14 سال سے حکمراں جماعت کنزر ویٹو پارٹی کی جیت کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔الیکشن سے قبل ہونے والے تمام عوامی سروں میں حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو واضح شکست ہوتی نظر آرہی ہے جب کہ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی اس بار حکومت بناتی نظر آرہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بار اپوزیشن جماعت کی قسمت جاگ اُٹھنے کا امکان ہے اور 14 سال کے دوران 5 وزرائے اعظم منتخب کروانے والی کنزرویٹو پارٹی کی مقبولیت کا سورج ڈوب رہا ہے۔برطانوی ووٹرز کے لیے حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کی کشش ماند پڑتی جارہی ہے جس کی وجوہات میں بریگزٹ میں ناکامی، سابق وزیراعظم کی کورونا کی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شراب پارٹی کرنا اور برطرف ہونا بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی بلوں، انتہاپسندی کے واقعات اور پناہ گزینوں سے متعلق پالیسی پر بھی عوام حکمراں جماعت سے نالاں ہیں۔اس صورت حال میں کنزر ویٹو پارٹی کے ووٹرز ‘ ریفارمز یوکے ‘ پارٹی کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔اگر یہ ووٹس ریفارمز پارٹی کو پڑ گئے تو اس کا فائدہ سراسر اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں