صدارتی انتخابی مہم: ڈاکٹر آصف کے گھر تقریب، امریکی نائب صدر شرکت کریں گی

نیویارک: پاکستانی امریکی ڈیموکریٹس کے زیر اہتمام پاکستانی نژاد ڈاکٹر آصف محمود کی رہائش گاہ پر 26 جون کو صدارتی انتخابات کے حوالے سے اہم تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس بھی اس اہم سیاسی تقریب میں شرکت کریں گی، جس کا اہتمام اعلیٰ پاکستانی امریکی ڈیموکریٹس نے کیا ہے جو مساویانہ، تارکین وطن کے حامی خیالات کی بدولت ترقی پسند اقدار کے حامی ہیں۔سیاسی تقریب کا اہتمام معروف پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی کیلیفورنیا میں رہائش گاہ پر کیا جا رہا ہے، تقریب کی میزبانی تنویر احمد کریں گے جو امریکا میں بزنس ٹائیکون اور کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔کملا ہیرس جو امریکا کی موجودہ نائب صدر ہیں اور اس سال بھی ہونے والے صدارتی معرکے میں دوبارہ منتخب ہونے کی خواہاں ہیں، ان کا استقبال ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب امریکی صدارتی انتخابی مہم میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی آ رہی ہے، صدارتی معرکے کی دوڑ میں تمام نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ ہیرس مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر کیا کہیں گے۔خیال رہے اس تقریب کا اہتمام موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کے شدید ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے سے ایک دن پہلے کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں