سعودی عرب ای سپورٹس کے عالمی کپ کی میزبانی کرے گا
ریاض :سعودی عرب میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ کا کہنا ہے کہ مملکت “ای اسپورٹس” (الیکٹرانک اسپورٹس) کے عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔عرب میڈیا کے مطابق آل الشیخ نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری ایک ویڈیو کلپ میں بتایا کہ اس مقابلے کی انعامی رقم 6 کروڑ ڈالر ہو گی جو ان کھیلوں کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے۔آل الشیخ کے مطابق ای سپورٹس کے عالمی کپ کے مقابلے رواں سال تین جولائی سے 25 اگست تک سعودی دار الحکومت ریاض میں “بولیوارڈ سٹی” میں ہوں گے، ان میں 30 عالمی ٹیمیں اور گیمنگ کی دنیا کے 1500 سے زیادہ پیشہ ور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔جنرل اینٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ عالمی کپ کے مقابلے MBC Action چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ مقابلوں کے عرصے میں بولیوارڈ میں مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد بھی ہو گا۔