تیونس میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی

تیونس کی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گفسا صوبے میں معمول کی مشقوں کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو اہلکار سوار تھے جنھوں نے ملٹری بیس سے معمول کی مشقوں کے لیے پرواز بھری تھی۔ حادثہ مشقوں کے بعد ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔وزارت دفاع کے ترجمان محمد زکری نے اے ایف پی کو بتایا کہ لینڈنگ کے وقت رن وے سے ٹکرانے پر ہیلی کاپٹر کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ملٹری بیس کے رن وے پر حادثہ ہونے کی وجہ سے امدادی گاڑیاں فوری طور پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ہیلی کاپٹر میں سے ایک پائلٹ کی لاش نکالی گئی جب کہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔تیونس کی وزارت دفاع کے بیان میں ہیلی کاپٹر کی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی اور نہ ہی ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر کی گئی۔یاد رہے کہ جون 2023 میں بھی شمال مغربی ساحل پر ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے گرنے سے 4 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جب کہ اکتوبر 2021 میں جنوبی صوبے گیبز میں ایسے ہی ایک حادثے میں 3 اہلکار جانوں سے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں