فلسطینی نژاد خاتون یورپی پارلیمنٹ کی رکن منتخب
فلسطینی نژاد خاتون ریما حسن یورپی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوگئی ہیں وہ فرانس کی بائیں بازو کی جماعت لا فرانس انسومیز کی نمائندگی کرتی ہیں۔غیر ملکی ویب سائٹ نیو عرب ڈاٹ کام کے مطابق 32 سالہ ریما حسن کی پارٹی ایل ایف آئی نے 9.9 فیصد ووٹ حاصل کیے جب کہ انتہائی دائیں بازو کی نیشنل فرنٹ پارٹی نے 31 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔رپورٹ کے مطابق نومنتخب رکن پارلیمان ریما انسانی حقوق کی سرگرم کارکن، وکیل اور پناہ گزینوں کی وکیل اور فلسطینی ورثے کی پہلی فرانسیسی شہری ہیں جو یورپی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ یورپی یونین کے قانون ساز اداروں میں سے ایک ہے اور عام طور پر قانون منظور کرتی ہے۔ریما حسن شام کے شہر حلب کے قریب نیرب کے فلسطینی کیمپ میں پیدا ہوئیں اور 9 سال کی عمر میں فرانس پہنچیں۔ ان کا کوئی ملک نہیں تھا۔ ان کے خاندان کا تعلق موجودہ شمالی اسرائیل میں عکا سے ساڑھے 10 کلومیٹر دور مشرق میں واقع البروا گاؤں سے تھا۔ 2010 میں جب ان کی عمر 18 سال ہوئی تو وہ فرانسیسی شہری بن گئیں۔