غزہ جنگ بندی : امریکی وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات
یروشلم :امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی اور جنگ کے بعد کے غزہ منصوبے سے متعلق بات چیت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں غزہ تنازع کو خطے میں پھیلنے سے بچانے کی اہمیت پر زور دیا۔انٹونی بلنکن نے بتایا کہ امریکی صدر کا مجوزہ منصوبہ اسرائیل کی شمالی سرحد پر امن کی ضمانت ہوگا۔بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ منصوبہ خطے کے ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کے امکانات کو کھول دے گا۔بلنکن یروشلم سے فارغ ہونے کے بعد شاہ عبداللہ سے ملنے اردن جائیں گے اور غزہ میں جنگ بندی کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر پیر کے روز قاہرہ پہنچے ہیں ، جہاں انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ خطے کے رہنما حماس پر دباؤ ڈالیں تاکہ حماس جنگ بندی معاہدے کے لیے پیش کردہ امریکی پلان کو قبول کر لے۔