3 لاکھ غیر مجاز عازمین حج کو مکہ مکرمہ سے نکال دیا گیا

ریاض: سعودی حکومت نے ضوابط کی خلاف ورزی پر بغیر اجازت حاصل کیے حج ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے 3 لاکھ عازمین کو مقدس شہر سے باہر نکال دیا۔گزشتہ برس دنیا بھر سے 18 لاکھ سے زائد فرزندگان توحید نے حج کی سعادت حاصل کی تھی اور رواں برس یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ متوقع ہے۔اس لیے سعودی حکومت نے بھیڑ سے بچنے، ہجوم کو قابو میں رکھنے اور آسانی کے ساتھ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے کچھ اصول و ضوابط وضع کیے تھے جن میں سے ایک حج کے لیے این او سی کا حصول بھی ہے۔اس اصول و ضوابط کی خلاف ورزی پر سعودی سیکیورٹی فورسز نے 3 لاکھ سے زائد غیر مجاز عازمین حج کو مکہ مکرمہ سے نکال دیا۔اسی طرح گردن توڑ بخار کی ویکسین نہ لگوانے والے سیکڑوں حاجیوں کے اجازت نامے بھی منسوخ کردیئے گئے۔سیکیورٹی فورسز نے ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد ایسے افراد کو گرفتار کرلیا جنھوں نے مکہ میں حج پرمٹ کے بغیر رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔سعودی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات 2015 کو منیٰ میں ہونے والی بھگدڑ میں 2 ہزار سے زائد حاجیوں کی شہادت جیسے واقعے سے بچنے کے لیے کیے گئے ہیں جن کا مقصد حاجیوں کی زندگیوں کی حفاظت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں