ڈیوڈ وارنر نے ٹی20 ورلڈکپ میں اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر ٹی20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ کے دوران آسٹریلیا اور اومان کا مقابلہ بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن میں کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم ہوا، جہاں آسٹریلیا نے اومان کو 39 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 164 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری اسکور کی، وہ 51 گیندوں پر 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ڈیوڈ وارنر نے میگا ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کو 2021 میں ٹی20 کا عالمی چیمپئن بنانے والے سابق کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 3 ہزار 120 رنز بنائے تھے، جب کہ اومان کے خلاف 56 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ڈیوڈ وارنر کے مجموعی رنز 3 ہزار 155 ہوگئے ہیں۔اس فہرست میں آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسوئل تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 2 ہزار 468 رنز بنائے ہیں، جب کہ سابق آل راؤنڈر شین واٹسن ایک ہزار 462 رنز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں