فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، مالدیپ میں اسرائیلیوں کے داخلے پر پابندی عائد
مالے: مالدیپ کی حکومت نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے پرپابندی عائد کردی۔مالدیپ کے صدراتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اسرائیلی پاسپورٹ ہولڈرز کے داخلے پر پابندی عائد کی جارہی ہے اور کابینہ نے اسرائیلی شہریوں کے ملک میں داخلے سے متعلق قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔بیان کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزوفلسطینیوں کی امداد کے لیے خصوصی نمائندہ تعینات کریں گے۔ خوبصورت جزائر پر مشتمل ملک مالدیپ میں دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں جن میں اسرائیلی بھی شامل ہیں۔ گزشتہ برس 11 ہزار اسرائیلی سیاح مالدیپ گئے تھے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ نے نے اپنے شہریوں کو مالدیپ کا سفر نہ کرنے کی اور مالدیپ میں پہلے سے موجود اسرائیلی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔