سلمان خان سے شادی کی خواہشمند مداح گرفتار
مہاراشٹر: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان سے شادی کی خواہش کرنے والی مداح کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ مداح سلمان خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مہاراشٹر کے علاقے پنویل میں واقع اداکار کے فارم ہاؤس پہنچی تھی۔مداح سلمان خان کے فارم ہاؤس کے باہر اِدھر سے اُدھر چکر لگاتی رہی، لڑکی کی مشکوک حرکتیں دیکھ کر لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد مداح کو حراست میں لے لیا گیا۔24 سالہ مداح نے پولیس کو بتایا کہ وہ سلمان خان سے بےحد محبت کرتی ہے اور اداکار سے شادی کرنا چاہتی ہے، اسی لیے اُن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے فارم ہاؤس آئی تھی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے مداح کو کاؤنسلنگ کے لیے ایک این جی او کے حوالے کردیا ہے جس کے بعد مداح کو نفسیاتی علاج کے لیے اسپتال لے جایا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ لارنس بشنوئی گروپ سلمان خان کو پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے نزدیک گاڑی میں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔سلمان خان پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اپریل میں 2 موٹر سائیکل سواروں نے ممبئی میں واقع سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔یاد رہے کہ ان دنوں سلمان خان بھارت میں نہیں ہیں بلکہ وہ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریبات میں شرکت کے لیے اٹلی میں موجود ہیں۔